پٹنہ،30جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پٹنہ ایئرپورٹ پر جمعہ کی شام اس وقت افراتفری مچ گئی جب پٹنہ سے دہلی جانے والی ایک انڈگو پرواز کے کیبن سے دھواں نکلنے لگا،اگرچہ کوئی بڑا حادثہ نہیں ہوا،تمام مسافر محفوظ ہیں،طیارے میں 174مسافر سوار تھے،طیارے میں مرکزی وزیر رام کرپال یادو اور بہار بی جے پی کے سینئر لیڈر سشیل مودی بھی سوار تھے۔دراصل پٹنہ سے دہلی آنے والی انڈگو پرواز 6E-508 حادثے کا شکار ہوتے ہوتے بچی۔کیبن سے دھواں نکلتا دیکھ ہوائی جہاز کے کیپٹن نے احتیاط برتتے ہوئے تمام مسافروں کو ہوائی جہاز سے باہر نکالنا بہتر سمجھا،مسافروں کو آنا فانا میں محفوظ باہر نکالا گیا،اگرچہ طیارے کا نہ تو ٹائر پھٹااور نہ ہی انجن میں کوئی آگ لگنے کے اشارے تھے۔معاملے کی معلومات فوری ڈی جی سی اے کو دی گئی۔اس سلسلے میں اندرونی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔کمپنی کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ جب ہوائی جہاز پٹنہ پہنچا تھا تو اس میں کسی بھی طرح کی کوئی تکنیکی خامی نہیں بتائی گئی تھی۔انڈگو میں، مسافر، عملہ ممبر اور ہوائی جہاز کی حفاظت پہلی ترجیح ہے۔اس سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔